اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اور علاقہ عبدالخالق اسدی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت اور پرویز الھی بھی موجود تھے۔ اس اجلاس میں یوم شہدا اور انقلاب مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا حکومت سول مارشل لاء لگا کر عوام سے احتجاج کرنے کا حق چھیننا چاہتی ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوگي۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور پرامن احتجاج کرنے والوں کو ہراساں کرنے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ اس دنیا میں فرعون و یزید رہا ہے اور نہ ہی یہ حکمران رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ ایک بار پھر انگریزوں کے بعد انگریزوں کے ایجنٹوں سے آزادی کا مہینہ ثابت ہوگا۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ حکومت پنجاب نے جمعرات کی رات مجلس وحدت مسلمین کے صوبائي سکرٹریٹ کا محاصرہ کررکھا تھا۔ پنجاب پولیس کا مقصد علامہ ناصر عباس جعفری اور دیگر رہنماوں کو گرفتار کرنا تھا جس میں وہ ناکام رہی۔ حکومت پنجاب کے اس مذموم اقدام کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہمیں ان گرفتاریوں اور ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا کیونکہ ہماری درس گاہ کربلا ہے جہاں سے ہمیں حریت کا سبق ملتا ہے۔ ہم کسی بھی یزید کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ اور اب یزیدان وقت کی بربادی کا وقت آگيا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲