اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے ویانا میں ہونے والے ایٹمی مذاکرات کی پیشرفت کے لۓ گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کی شرکت کو مؤثر قرار دیا ہے۔ علاء الدین بروجردی نے آج کہا کہ ویانا میں ہونے والے ایٹمی مذاکرات میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان حتمی سمجھوتے تک رسائي کا وقت معین نہیں ہے اور چونکہ گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کو زیادہ اختیارات حاصل ہیں اس لۓ شائد وہ بہتر طور پر ان مذاکرات میں پیشرفت کا سبب بن سکیں۔ علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جن مطالبات پر اصرار کررہا ہے وہ بہت منطقی اور معقول مطالبات ہیں اور یقینی طور پر یہ مطالبات ایٹمی توانائي کی عالمی ایجنسی آئي اے ای اے کے قوانین اور این پی ٹی معاہدے کی بنیاد پر استوار ہیں۔ واضح رہےکہ یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ کیتھرین ایشٹون کےترجمان مائیکل مین نے کہا ہے کہ کیتھرین ایشٹون نے گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق مذاکرات میں شرکت کے لۓ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ جائيں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲