ابنا: عراق، سامرا میں امامين عسكريين علیہما السلام کے مقدس مزار پر تکفیری دہشت گردوں نے راکٹوں سے حملہ کیا ہے، جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
داعش کے دہشت گردوں نے مقدس حرم پر تین راکٹ فائر کیے جو حرم کے صحن میں آ کر گرے۔
ذرائع کے مطابق، اس حملے میں کم از کم 9 بے گناہ عراقی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
سامرا کے حکام کے مطابق، ایک مارٹر مقدس مزار کے دروازے کے قریب استقبالیہ علاقے پر گرا۔
عراقی فضائیہ نے حملے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے اس ٹھکانے کو تباہ کر دیا ہے جہاں سے یہ حملہ کیا گیا تھا۔
سامرا بغداد سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اس شہر میں شیعوں کے دو معصوم اماموں حضرت امام علی نقی علیہ السلام اور حضرت امام حسن عسکری علیہ کے مزارات ہیں، جن کی زیارت کے لیے سالانہ کروڑوں زائرین سامرا جاتے ہیں۔
عراق کے شیعہ اور سنی علماء نے دہشت گردوں کے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد اسلام کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
.......
/169