اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر غلام رضا انصاری نے اپنے سفارتی اراکین کے ہمراہ جموں وکشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ تاریخی جامع مسجد سرینگر کی زیارت کی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ حریت کانفرنس(ع) کے چیرمین میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق اور سرکردہ حریت رہنما آغا سید حسن الموسی الصفوی بھی موجود تھے۔ میرواعظ نے سفیرکا تاریخی جامع مسجد میں خوش آمدید کرتے ہوئے انکے کشمیر آمد اور ایران اور کشمیر کے مشترکہ ثقافتی، تہذیبی اور ملی رشتوں کا خاص طور پر ذکر کیا ۔ وفد کے ارکان نے میرواعظ کی پیشوائی میں نماز ظہر ادا کی اور عالم اسلام کے جملہ مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے دعائیں کی۔ ایرانی سفیر نے اس شاہکار مسجد پاک کی فن تعمیر، انفرادیت اورندرت پر انتہائی شادمانی اور حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اس مسجد کو فن تعمیر کا ایک نادر نمونہ اور اہل اسلام کیلئے ایک منفرد اور تاریخی اثاثہ قرار دیا۔ اس موقع پر انجمن اوقاف جامع مسجد کی جانب سے ایرانی سفیر کو اخروٹ کی لکڑی سے تیار کردہ جامع مسجد کا ماڈل اور جامع مسجدکی تاریخ اور تعمیر کے حوالے سے شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کی مرتب کردہ تاریخی دستاویز اور انکی تصانیفات پیش کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲