21 اپریل 2014 - 09:36
کشمیر میں مظاہرین کیخلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے مقامی حقوق انسانی فورم وائس آف وکٹمز نے مظاہرین کیخلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پیلٹ گن کا استعمال کرکے بارہمولہ کے ایک نو عمر نوجوان کی آنکھیں بے کار بنادی گئیں ۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق وی او وی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر ڈار نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ گزشتہ دنوں بارہمولہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس اور فورسز نے پیلٹ گن کا استعمال کیا ، جس کے نتیجے میں 15سالہ شاہد احمد خان ولد غلام محمد خان ساکنہ محلہ جلال صاحب بارہمولہ شدید زخمی ہوگیا ، کیونکہ مذکورہ کم عمر نوجوان کا چہرہ اور آنکھیں بھی پیلٹ گن کی زد میں آئیں۔
بیان کے مطابق مذکورہ نوجوان کو صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا لیکن اس کی ایک آنکھ عملاً بے کار ہوچکی ہے جبکہ ڈاکٹروں نے مذکورہ نوعمر نوجوان کے چہرے اور آنکھ میں سوجن ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس کا آپریشن بھی نہیں کیا ۔ بیان میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں پولیس اور فورسز کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے مہلک ہتھیاروں بشمول مرچی گیس اور پیلٹ گن کے استعمال کو روایت بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں کی تعداد میں نوجوان جسمانی طور معذور اور ناتواں بن چکے ہیں۔ وی او وی نے عالمی حقوق بشر تنظیموں کے ساتھ ساتھ مقامی حقوق انسانی کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ وادی میں نوجوانوں کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال کا سخت نوٹس لے کر پولیس اور فورسز کو ایسے ہتھیار استعمال کرنے سے باز رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات انجام دیں۔

.......

/169