ابنا: ذرائع کے مطابق محمد جواد ظریف نے کل شام تہران میں تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل رمضان عبداللہ سے ملاقات میں علاقے کی صورتحال کو نہایت حساس قراردیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے اہم اسلامی ملکوں کے اتحاد سے فلسطینی کاز کو کمزور بنانے کی دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوجائيں گي۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ علاقے اور فلسطین میں جاری مزاحمت، فلسطینی گروہوں کے اتحاد و یکجہتی سے بھرپور طریقے سے ملت فلسطین کے حقوق کا دفاع کرے گي اور پائدار رہے گي۔ اس ملاقات میں تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے مختلف ملکوں بالخصوص علاقے اور عالم اسلام کے ملکوں کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابیاں ملت اسلام سے تعلق رکھتی ہیں۔ رمضان عبداللہ نے بعض حلقوں کی جانب سے ایرانو فوبیا اور ایران پر دباؤ ڈالنےکی کوششوں اوراسلامی امۃ نیز فلسطینی کاز کو لاحق صہیونی ریاست کے حقیقی خطروں سے توجہ ہٹائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلامی ملکوں میں اسلامی بیداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسلامی بیداری کو ملت فلسطین کے لئے خیر وبرکت اور دشمنان اسلام کی کمزوری کی بشارت کا حامل قراردیا۔ انہوں نے ان حساس حالات میں اسلامی ملکوں کے اتحاد کی تقویت کی ضرورت پر تاکیدکی۔ انہوں نے صیہونی حکومت کی خلاف ورزیوں اور تمام وعدوں کو پامال کرنے کی عادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تناظر میں ملت فلسطین کے پاس مزاحمت کے علاوہ کوئي راستہ نہیں رہ جاتا۔
.......
/169