8 دسمبر 2013 - 20:30
غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکل جانا چاہئے، ڈاکٹر حسن روحانی

ایران کے دارالحکومت تہران میں ہونے والی ملاقات میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران یہ سمجھتا ہے کہ تمام غیر ملکی فوجی حتمی طور پر علاقے سے نکل جائیں اور افغانستان کی سکیورٹی اس ملک کے عوام کے سپرد کر دی جائے۔

ابنا: ایران اور افغانستان کے صدور کی ملاقات، غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکل جانا چاہئے، ڈاکٹر حسن روحانی اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے افغان صدر حامد کرزئی نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ تمام غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکل کر ملک کی حفاظت کی ذمہ داری افغان فوج کے سپرد کر دینی چاہئے۔ یاد رہے سکیورٹی معاہدے پر دستخط کیلئے امریکی دبائو کے بعد کرزئی کا یہ دورہ ہوا ہے۔ اس معاملے پر ایران بھی افغان صدر کا حمایتی ہے۔ کرزئی نے اپریل میں ہونے والے صدارتی الیکشن سے قبل معاہدے پر دستخط سے انکار کر دیا ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی ایران کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا سمجھوتہ کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ افغان ترجمان نے کہا جلد اس پر دستخط کر دیئے جائیں گے۔

 دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران اور افغانستان کے سربراہان مملکت نے افغانستان کی آخری صورتحال اور علاقے میں رونما ہونے والی سیاسی و سکیورٹی تبدیلیوں کے حوالے تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایران کے صدارتی پریس نوٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر  حسن روحانی نے اتوار کے روز تھران میں افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات میں خطے بالخصوص اسلامی ملک افغانستان میں اغیار کی ہر قسم کی موجودگی کے حوالے سے ایران کی واضح مخالف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران یہ سمجھتا ہے کہ  تمام غیر ملکی فوجی حتمی طور پر علاقے سے نکل جائیں اور افغانستان کی سکیورٹی اس ملک کے عوام کے سپرد کر دی جائے۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران و افغانستان کے تاریخی رشتوں، ثقافتی، دینی اور زبان کے مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کی کہ افغانستان سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ اسلامی جمہوری ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ مکمل صداقت کے ساتھ برتاؤ کیا ہے اور اپنے موقف کو واضح طریقے سے بیان کیا ہے، افغانستان کے عوام و حکومت ہمیشہ ایران کی حکومت و قوم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے ماحولیات و سرحدی معاہدوں خاص طور پر پانی کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ افغانستان، ایران کے ساتھ اپنے تمام سمجھوتوں اور قراردادوں کا پابند ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان کے صدر ایک اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کی صبح تھران پہنچے تھے۔

.......

/169