21 جنوری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے الجزائر میں ہونے والے حالیہ اغوا کے واقعے کی مذمت کی ۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے الجزائر میں ہونے والے حالیہ اغوا کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کی طرف سے اس واقعے میں مارے گئے یرغمالیوں کے اہل خانہ نیز الجزائر کی حکومت اور عوام سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  وزارت خارجہ کے ترجمان نے الجزائر کے علاقے " عین امیناس " میں ایک گيس کارخانے کے ملازمین کو یرغمال بنائے جانے کی مذمت کی اور اس واقعے کو غیرانسانی اقدام اور شمالی افریقہ کے علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام کا سبب قراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ملنے والی بیرونی مدد بند کیا جانا اور دہشت گردی کے خاتمے کی کوشش ضروری ہے۔رامین مہمان پرست نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اغوا کرنے اور دہشت گردانہ کارروائيوں سے شدت پسندوں کے مطالبات کی تکمیل میں کوئي مدد نہیں ملے گي کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائي اداروں کو دہشت گردی سے مقابلے کے لئے مشترکہ تعاون کے ساتھ سنجیدہ اقدام کرنے چاہئیں۔واضح رہے کہ الجزائر میں 16 جنوری کو مسلح افراد نے گيس کے ایک کارخانے کے کئي سو ملازمین کو، جن میں الجزائر اور غیرممالک کے افراد شامل تھے، یرغمال بنالیا تھا۔یرغمالیوں کو آزاد کرانے کے لئے کی گئي الجزائر کی سیکورٹی فورس کی کارروائي میں دسیوں یرغمالی اور اغواکار مارے گئے تھے۔
.......

/169