16 دسمبر 2012 - 20:30

سابق سوویت یونین کے آخری سربراہ میخائیل گورباچوف نے کہا ہے کہ امریکہ کا شیرازہ بھی بکھر سکتا ہے۔

ابنا: ترکی کے شہر استنبول میں مشرق وسطی کے مستقبل کے بارے میں ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میخائیل گورباچوف نے کہا کہ جو غلطی روس نے کی امریکہ بھی وہی غلطی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے سوویت یونین والی غلطی کا ارتکاب کیا تو اس کا انجام بھی وہی ہوگا جو سوویت یونین کا ہوا ہے۔
گورباچوف نے یہ بات زور دے کر کہی کے ان کے دور صدارت میں اس غلطی کا ازالہ کرنے کی سرتوڑ کوششیں کی گئیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پر قبضہ ایک ناقابل معافی جرم تھا اور اب امریکہ بھی وہی غلطی کر رہا ہے۔ 
انہوں نے فلسطین کو اقوام متحدہ میں مبصر کا درجہ دینے کو انتہائی چھوٹا مگر اہم قدم قرار دیا۔
سابق سویت یونین کے آخری سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے 2001 سے افغانستان پر قبضہ کر رکھا ہے اور 11سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود اس ملک میں جنگ ختم نہیں ہوسکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110