19 نومبر 2012 - 20:30

غزہ کے عوام نے ایک سماجی نیٹ ورک میں اپنے پیج پر عرب وزرائے خارجہ کے دورہ غزہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے: غزہ تمہیں خوش آمدید نہيں کہتا۔

اہل البیت نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق غزہ کے نیٹ صارفین نے لکھا ہے: غزہ میں درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں اور ان کا خانہ و کاشانہ ویران ہوچکا ہے جبکہ عرب حکمران ابھی تک زبانی جمع خرچ پر اکتفا کررہے ہیں چنانچہ ان کا دورہ غزہ بھی ان کے مجموعی کردار کی مانند مہمل اور بے فائدہ ہے چنانچہ غزہ ان کا خیر مقدم کرنے کےلئے ہرگز تیار نہیں ہے۔ اس پیج پر عرب وزراء سے کہا گیا ہے: ممکن ہے کہ "عرب سورما" غزہ کے شہداء کے ساتویں روز کی رسومات میں شرکت کریں اور اسرائیل کو مزید تجاوز اور جارحیت کے لئے مزید مواقع بھی فراہم کریں اور جس طرح کہ عرب حکمرانوں اور وزیروں کے اجلاس کا نتیجہ ہمیشہ کی طرح ای بہت بڑا "صِفر" تھا لہذا غزہ عرب وزراء کے وفد سے واضح طور پر کہتا ہے: "میں تمہیں خوش آمد نہیں کہتا؛ مجھے تمہارے اظہار خیال اور اظہار ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے؛ دفع ہوجاؤ"۔ واضح رہے کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے پیر کے روز قاہرہ میں غزہ کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا جس کے بعد عرب وزرائے خارجہ کے وفد نے غزہ کا دورہ کیا۔

ادھر غزہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صہیونی حملوں میں اب تک 135 افراد شہید اور 1100 زخمی ہوگئے ہیں۔ کل کے صہیونی حملوں میں کئی بچوں سمیت 35 فلسطینی شہید ہوگئے۔صہیونیوں نے جبالیا میں ایک مسجد کے سامنے فلسطینوں کو نشانہ بنایا اور زمین، فضا اور سمندر سے غزہ پر گولہ باری جاری رہی۔ صہیونیوں نے غزہ کے حقائق کی عالمی کوریج روکنے کے لئے ایک بار پھر میڈیا سینٹر کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں دو خبرنگار شہید ہوگئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔

/110

حمد بن جاسم آل ثانی: اسرائیل بھیڑیا نہيں ہے بلکہ ہم (عرب) بھیڑیں ہیں