21 ستمبر 2012 - 20:30

آیت اللہ کعبی نے مجلس وحدت مسلمین قم کے زير اہتمام شہید تقوی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ "لبیک یا رسول اللہ (ص)" کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: پیامبر گرامی قدر کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف عالمی سطح پر منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔

ابنا: مجلس خبرگان رہبری کے منتخب رکن آیت اللہ کعبی کا کہنا تھا کہ پیامبر اکرم کی شان میں کی جانے والی گستاخی کسی قیمت پر قابل معاف نہیں ہے  عالمی لیول پر منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا  اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان قم المقدسہ کی جانب سے ناموس رسالت پر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پہلے پاکستانی مجاہد شہید سید علی رضا  تقوی کو خراج عقیدت پیش کرنے لئے منعقدہ لبیک یا رسول اللہ کانفرنس میں  حوزہ علمیہ قم کے طلاب سے مخاطب ہو کرکیا۔ انہوں نے فرمایا کہ امریکہ اور  اسرائیل نے اپنے ہاتھوں اپنی تباہی کا سامان فراہم کیا ہے۔ پیامبر کی شان  میں گستاخی عالمی امن کے لئے ایک ناقابل تلافی خطرہ ہے۔ آزادی بیان کا یہ  دھرا پیمانہ عالمی استکبار کی شیطنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تمامی اسلامی  ممالک کو چاہیے کہ اس مسئلے میں کسی قسم کی نرمی اور سہل انگاری سے پرہیز  کرے اور امریکہ کے ساتھ ڈپلومیٹیک روابط قطع کر کے اسے دنیا میں تنہا کردے۔ انہوں نے اس شنیع گستاخی کے رد عمل میں امت اسلامی کا غم و غصہ اور  لبیک یا رسول اللہ ریلیوں کو افضل ترین اعمال میں شمار کرتے ہوئے عاشقان  رسول اللہ کو خراج تحسین اور اس راہ میں شہید ہونے والوں کی خدمت میں  خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کراچی اور لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کی  جانب سے نکالی جانے والی لبیک یا رسول اللہ ریلی کا خصوصی طور پر تذکرہ  کرتے ہوئے اسے پاکستان اور عالم اسلام کی سربلندی کا پیش خیمہ قرار دیا۔  انہوں نے بعض اسلامی ممالک کے سکوت یا ریلیوں کے خلاف جاری ہونے والے  فتووں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے پیامبر کی شان میں بدترین گستاخی قرار  دیا۔ پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمان آغا مرتضی پویا نے بھی اس موقع پر  شرکاء کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی ایران اور پاکستان کے  موجودہ حالات پر اپنے نقطہ نظر کا اطہار کیا۔ انہوں نے کہا اگر آپ امام  راحل کے اس عظیم کارنامے پر مکمل ایمان رکھتے ہیں تو اپنے آپ کو شہادتوں  کے لئے تیار کریں۔........./110