ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ کے تمام اراکین و عہدیداران نے کراچی میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیر اہتمام گستاخانہ فلم کے خلاف نکالی گئی پرامن ریلی پر انتظامیہ کے وحشیانہ تشدد اور فائرنگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں نہتے عاشقان رسول اللہ (ص) پر نااہل انتظامیہ کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ریلی پر فائرنگ سے شہید ہونے والے علی رضا کی شہادت اور زخمیوں کے خون کی اصل ذمہ دار نااہل انتظامیہ ہے جبکہ حکومت پاکستان کو رسول اللہ (ص) کی حرمت کی لاج رکھتے ہوئے امریکہ سے فوراً اپنے تعلقات ختم کرنے چاہیے تھے مگر نااہل حکمرانوں نے رسول اکرم (ص) کی شان میں گستاخانہ فلم کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والوں پر وحشیانہ تشدد اور فائرنگ کرکے امریکی غلامی کا ثبوت دیا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی موقع ہے کہ پاکستانی حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے فوراً امریکہ سے قطع تعلقات کرکے اس کے ناپاک سفارتکاروں کو ملک بدر اور سفارتخانے اور قونصل خانوں کو ہمیشہ کیلئے بند کرے کیونکہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے غیرت مند مسلمانوں کیلئے رسول اللہ (ص) کی شان میں گستاخی کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو چاہیے پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے امریکہ سے اس گستاخانہ حرکت پر عام معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھرپور انداز اٹھائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی گستاخانہ حرکت کرنے کی ہمت نہ کرے۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے مزید کہا کہ کراچی میں گرفتار کئے گئے پرامن مظاہرین کو فوراً رہا کیا جائے بصورت دیگر مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں احتجاج کرے گی۔
.....
/169