18 مئی 2012 - 19:30

بحرین میں علماء کونسل کے سربراہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے سعودی عرب سے بحرین کے الحاق کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔

ابنا: آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے شہر الدراز کی نماز جمعہ کے خطبوں میں سعودی عرب سے بحرین کے الحاق کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملت بحرین کو اس الحاق کی مخالفت کرنے کا حق حاصل ہے اور آل خلیفہ کو اپنے عوام کی امنگوں کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے سعودی عرب سے بحرین کے الحاق کو ظلم کا واضح مصداق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملت بحرین کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کی آل خلیفہ کی پالیسی کسی بھی قانون، عقل اور عرف سے میل نہیں کھاتی ہے۔

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ ملت بحرین اپنی پرامن تحریک جاری رکھے گي۔ ادھر بحرین کی جمعیت وفاق ملی کے نمائندے علی العشیری نے کہا ہے کہ ملت بحرین سعودی عرب سے الحاق کی شدید مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ سعودی عرب سے الحاق کر کے ملت بحرین کی تحریک کو کچلنا چاہتی ہے اور یہی اس کا بنیادی ہدف ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ بحرین میں شیعہ مسلمانوں کی اکثریت ہے جسے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گيا ہے۔ آل خلیفہ سعودی عرب کی فوجی مدد سے ملت بحرین کو کچل رہی ہے۔........

/169