ابنا: علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سکندر عباس گیلانی نے کہا ہے کہ سانحہ کوہستان ظلم و بربریت اور وحشت و درندگی کی بدترین مثال ہے اورسفاک دہشت گردوں کی جانب سے آزادی کے ساتھ معصوم اور بے گناہ مسافروں کو ایک ایک کرکے شہید کرنا ایک طرف تو منظم منصوبہ بندی اور ٹارگٹ کلنگ کا کھلا ثبوت ہے اور دوسری جانب اس دلخراش سانحہ سے یہ بات بھی عیاں ہوتی ہے کہ ملک میں کس حد تک لاقانونیت’ بدامنی’ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا دور دورہ ہے کہ قاتل بڑے اطمینان سے معصوم انسانوں کو خون میں نہلادیتے ہیں چاہے وہ سانحہ مستونگ ہو یا پاراچنار’ خان پور ہو یا کراچی و کوئٹہ ہر طرف دہشت گردوں کا راج دکھائی دیتا ہے۔ یہ سنگین صورت حال ریاست و حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے۔
امن و سکون تلاش کرنے میں سرگرداں عوام کا غیض وغضب اور غم و الم اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔اس افسوسناک صورتحال کے تدارک میں مزید سستی یا غفلت ملک کو تباہی و بربادی کی لپیٹ میں لے لے گی شہدائے گلگت کی نماز جنازہ کے بعد شیعہ علماء کونسل گلگت کے صدر علامہ آغا مرزا علی سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے شہداء کے ورثا سے تعزیت کرتے ہوئے سکندر گیلانی نے بتایا کہ علامہ ساجد نقوی نے 2 مارچ بروز جمعہ المبارک چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں پرامن طور پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے احتجاجی اجتماعا’ت’ ریلیوں اور مظاہروں کا اعلان کیا ہے اور اسلامیان پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم و بربریت کے خلاف مہذب انداز میں احتجاج کریں اور سفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے اس سانحہ کے پس پردہ محرکات جاننے کے لئے اعلی سطحی عدالتی کمیشن قائم کریں جو ملک کی تقدیر کے مالک عوام کو اس سانحہ کے حقائق سے آگاہ کرے.
.......
/169