6 فروری 2012 - 20:30

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان یونٹ پنجاب یونیورسٹی کے صدر اسد عباس پر اسلامی جمعیت طلبہ نے قاتلانہ حملہ کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے صدر اسد عباس ہاسٹل کی طرف جا رہے تھے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے راستے میں روک لیا اور پچھلے دنوں یونیورسٹی میں ’’یوم حسین‘‘ کی تقریب کروانے کی پاداش میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں جمعیت کا ہولڈ ہے، اس میں کوئی دوسری تنظیم پروگرام کا انعقاد نہیں کر سکتی، آپ کو یوم حسین کروانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ آئندہ یونیورسٹی میں کوئی پروگرام نہ کروایا جائے۔

پنجاب یونیورسٹی کے یونٹ صدر پر حملے کی اطلاع پر لاہور بھر کے طلبہ مسلم ٹاؤن میں جمع ہو گئے اور اسلامی جمعیت کے خلاف احتجاج کیا۔ آئی ایس او لاہور ڈویژن کے رہنماؤں نے اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات کرنے کا بھی پروگرام بنا لیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے بھی قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں آئی ایس او نے گزشتہ دنوں یوم حسین ع کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کروایا تھا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی اور جماعت اسلامی کے رہنما احسان اللہ وقاص نے خطاب کیا تھا۔ اب آئی ایس او پنجاب یونیورسٹی یونٹ نے جشن میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے بھی ایک تقریب کا اعلان کر رکھا ہے۔ رہنماؤں کی جانب سے یونٹ صدر پر حملہ میلاد النبی (ص) کے اس سیمینار کو رکوانے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔ ........

/169