13 دسمبر 2011 - 20:30

کراچی…واپڈا کی نجکاری کے خلاف ادارے کے ملازمین نے ملک بھر میں دفاتر کی تالا بندی کی اور مظاہرے کیے۔

ابنا: فیصل آباد میں فیسکوملازمین نے واپڈا کی نجکاری اور غیر تکنیکی افراد کو چیف ایگزیکٹو لگائے جانے کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً دفاتر کی تالابندی کی، فیسکو کے مرکزی دفتر سے ضلع کونسل چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔وہاڑی میں واپڈا کی نجکاری اور رینٹل پاور منصوبوں کے خلاف واپڈا ملازمین نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا

خانپور اور لیاقت پور میں ملازمین نے احتجاجاً دفاتر بند رکھے ، جبکہ میپکوکمپلیکس رحیم یارخان سے شاہی روڈ ریلوے چوک تک ریلی بھی نکالی گئی،ڈیرہ غازی خان میں نجکاری کے خلاف میپکو آفس میں تالا بندی کی گئی اور ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی ،جھنگ میں واپڈا کے مشتعل ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ ضلع چنیوٹ کی تینوں تحصیلوں میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف دفاتر کی تالابندی اور مظفرگڑھ میں مکمل قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی 

گوجرانوالہ میں گیپکوملازمین نے ڈویژن بھر کے آفسز میں تالا بندی کی ، اور مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی ، ریلیوں کے شرکا نے جی ٹی روڑ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی نجکاری کے خلاف واپڈا کے دفاتر میں تالے ڈال دیے گئے اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

بلوچستان کے علاقے نصیرآباد اور جعفرآباد میں پیپکو کی نجکاری کے خلاف واپڈا ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا۔

حیدرآباد میں پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کی جانب سے حیدرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکا نے پریس کلب پہنچ کر وفاقی وزیر نوید قمر کا پتلا جلایا،اس موقع پر پاکستان ہائیڈرو یونین کے مرکزی رہنما عبداللطیف نظامانی کا کہنا تھا کہ فیصلے کے خلاف 21 دسمبر کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوٴس کا گھیراوٴ کیا جائے گا۔ٹنڈومحمدخان اور خیرپور میں واپڈاملازمین نے دفاتر کی تالا بندی کی جبکہ دادو اور بدین میں بھی مظاہرے کئے گئے۔  .......

/169