ابنا: ایران بھر میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے کئي دنوں سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان مجالس میں مقررین حضرت فاطمہ زہرا سلام علیھا کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالنے کے ساتھ آپ کے فضائل و مصائب بھی بیان کررہے ہیں۔ بدھ کے دن سے امام بارگاہ امام خمینی رح میں ہونے والی مجالس عزا کا سلسلہ گزشتہ رات بھی جاری رہا ۔ گزشتہ رات رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور حکومتی عہدیداروں نے بھی اس مجلس عزا میں شرکت کی جب کہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ایرانی شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام علیھا کی عزاداری کا سلسلہ آج اپنے عروج کو پہنچ گیا ۔ اور سب سے بڑے ماتمی جلوس ایران کے مقدس شہر مشہد میں حضرت امام رضا ع ، قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا اور تہران میں حضرت شاہ عبدالعظیم اور حضرت امام خمینی رح کے روضوں کے احاطوں میں نکالے گۓ۔ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اس وقت بھی ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے اور عزادار ماتم اور عزاداری میں مصروف ہیں۔ الجزائر میں مقیم ایرانیوں نے بھی اس ملک میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کی ۔ اس سلسلے میں یہاں ایک مجلس عزا برپا ہوئي جس میں ایک عالم دین نے پیغمبراکرم ص کی دختر گرامی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے فضائل و مصائب بیان کۓ جس کے بعد عزاداروں نے ماتم کیا۔ افغانستان کے مختلف شہروں سے بھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا برپا کۓ جانے کی خبریں موصول ہوئي ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110