19 ستمبر 2010 - 19:30

کراچی میں اتوارکی شب اچانک ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔ جس کے دوران مختلف مقامات پر فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا ایک اور اہلسنت اورالجماعت (کالعدم سپاہ صحابہ) کے 3کارکنوں سمیت 6افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں2/افراد زخمی ہوئے۔

مذکورہ واقعات کے بعدمتعلقہ علاقوں میں سخت کشیدگی پھیل گئی اوربعض مقامات پرہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز کے وقفے کے بعداتوار کی شب کراچی میں ایک بار پھرٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ یوسف پلازہ کی حدود فیڈرل بی ایریا، بلاک نمبر16، عبداللہ سینٹر میں واقع ایک موبائل فون شاپ (فرحان کمیونیکیشن) پربیٹھے شاپ کیپر 35سالہ فرحان ولد غیاث الدین پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں فرحان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔جس کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی مقتول عبداللہ سینٹر کا رہائشی تھا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے متوفی کو ایم کیو ایم کا کارکن بتایا ہے۔ تھانہ سرسید کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 11-E، مسلم ٹاؤن میں کاشف بیکری کے سامنے بیٹھے ہوئے نوجوانوں پر نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 3نوجوان نبیل ولدشکیل ، انصار ولد انیس اور نعمان ولد اقبال شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں عباسی اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ تینوں نوجوانوں نے راستے ہی میں دم توڑ دیا۔ ان کی لاشیں اسپتال پہنچائی گئیں۔ تینوں کی عمریں 25سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق لاشوں کے ساتھ آنے والے مشتعل افراد تینوں لاشیں قانونی کارروائی کے بغیراپنے ہمراہ لے گئے۔ مقتولین کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکن بتائے جاتے ہیں۔
تھانہ رضویہ کی حدود رضویہ سوسائٹی، دہلی مسلم ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 25سالہ نوجوان تنویر عباس ولد کاظم عباس جاں بحق ہو گیا۔ جس کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی۔ تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود کورنگی نمبر ڈھائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے یوسی آفس کے سامنے بیٹھا ہوا نوجوان 22سالہ دلاور ولد عنایت مسیح ہلاک ہو گیا۔ جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔ متوفی کورنگی نمبر ڈیڑھ ،کرسچن کالونی کا رہائشی اورٹیکسی ڈرائیور تھا۔دریں اثناء تھانہ مبینہ ٹاؤن کی حدود کراچی یونیورسٹی کے قریب ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر 25 سالہ سلمان اور گلشن معمار میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 28سالہ عمران شدید زخمی ہوگیا۔ مزیدبرآں فائرنگ سے ہلاکتوں کے بعد مذکورہ علاقوں میں شدید کشیدگی اور خوف وہراس پھیل گیا۔ جبکہ بعض مقامات پرہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110