مختلف علاقوں میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے 2 کارکنوں سمیت 8 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کے بعد ہنگامہ آرائی‘ ٹریفک معطل‘ 2 گاڑیاں نذر آتش کردی گئی جبکہ گلشن کے علاقہ سے پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر کے علاقہ میں واقعہ رابعہ سٹی کے قریب نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 30 سالہ فضل قادر‘ 28 سالہ عامر بٹ جاں بحق اور ثاقب شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے اے این پی کے کارکن تھے۔واقعہ کے بعد گلستان جوہر کے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی‘ دکانیں و بازار بند کرادیے گئے۔ دوسری جانب الفلاح کے علاقے البدر سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اشرف عرف قصائی جاں بحق ہوگیا جبکہ الفلاح تھانے کی ہی حدود عظیم پورہ ملت موڑ اور شمسی سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 30 سالہ اکبر ولد محمد حسین اور 28 سالہ غلام قادر کو ہلاک کردیا۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد الفلاح کے مختلف علاقوں گرین ٹاﺅن‘ گولڈن ٹاﺅن‘ عظیم پورہ‘ جامعہ ملیہ روڈ ‘ شمسی سوسائٹی اور البدر سوسائٹی میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں و بازار بند ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔ٹی پی او شاہ فیصل ٹاﺅن کے مطابق تینوں افراد کا کسی سیاسی و مذہبی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول اشرف کا تعلق پی پی آئی سے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے متحدہ قومی موومنٹ اور پنجابی پختون اتحاد کے کارکنوں کی ہلاکت کے واقعات کے بعد دونوں تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان کشیدگی جاری تھی اور اتوار کو دونوں پارٹیوں کے کارکنان میں صلح ہوگئی تھی۔ادھر اورنگی ٹاﺅن تھانے کی حدود سیکٹر 5 پرنس جیولرز کے قریب فائرنگ سی35 سالہ اشرف ولد ہارون جاں بحق ہوگیا۔ مقتول ناظم آباد کا رہائشی اور جیولرز کا کام کرتا تھا تاہم مقتول کی کسی تنظیم سے وابستگی معلوم نہ ہوسکی۔عوامی کالونی تھانے کی حدود دارالعلوم کے قریب فائرنگ سے 28 سالہ محمد یوسف ولد نورالسلام ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول تولیہ فیکٹری کا ملازم اور مچھلی کی خرید و فروخت کا کام بھی کرتا تھا۔ مقتول سیکٹر 36 جی شریف کالونی کا رہائشی اور بنگالی ایکشن کمیٹی یوتھ ونگ کا کارکن تھا۔ شاہ لطیف تھانے کی حدود صالح محمد گوٹھ کے قریب ندی کے کنارے سے 25 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے‘ مقتول حلیے سے بلوچ لگتا ہے تاہم آخری اطلاعات تک مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔بلدیہ اور کھوکھراپار کے علاقوں میں فائرنگ سے 26 سالہ مظفر حسین اور 25 سالہ اقبال زخمی ہوگئے۔علاوہ ازیں گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک 5 میں کار نمبر KB-2425 میں سوار 4 ملزمان پولیس اہلکار ارشد اور اشفاق سے اسلحہ کے زور پر 2 سرکاری ایس ایم جی چھین کر فرار ہوگئے۔شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد پولیس نے حساس علاقوں میں کوئٹہ وال چائے کے ہوٹل بند کرا دیے۔
.....
/110