اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ کیا ہے کہ شام کی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز اپنے 11 اہلکاروں کی سرکاری تدفین کی تقریب منعقد کی، جو جمعے کے روز دیرالزور کے مغرب میں واقع عیاش کے علاقے میں شامی عرب فوج کے ایک اڈے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔
شام کی وزارت دفاع نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ دھماکے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے مقام پر فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں بھی روانہ کی گئی تھیں، تاہم حادثے کے وقت جانی نقصان کے حوالے سے کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔
یہ دھماکا ایسے وقت میں ہوا ہے جب اس سے قبل بھی شام کے اسلحہ کے گوداموں میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر متعدد دھماکوں کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں 9 ستمبر کو شمال مغربی شام میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس سے 10 روز قبل بھی اسی علاقے میں گولہ بارود لے جانے والی ایک گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
شامی فوجی اڈے میں ہونے والے حالیہ دھماکے کی وجہ اور اس کے وقوع پذیر ہونے کی تفصیلات بدستور زیرِ تفتیش ہیں۔
آپ کا تبصرہ