کوئٹہ میں شیعہ عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت دہشت گردوں کو جلدسے جلد گرفتار کرکے سخت سزا دے۔ان خیالات کا اظہار جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے ارشد زیدی کی جو معروف شیعہ رہنما کے صاحبزادے تھے، ٹارگٹ کلنگ میں شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مسلسل شیعہ عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں ملت جعفریہ عدم تحفظ کا شکار ہے جب کہ حکومت بلوچستان دہشت گردوں کی سرکوبی میں ناکام نظر آ رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو لگام دینے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کرے تاکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو اس ملک سے ختم کیا جاسکے۔ممتازشیعہ رہنما علامہ حسن ظفرنقوی بھی کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں پردہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت جلد سے جلد مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچائے بصورت دیگر کوئٹہ سمیت ديگر علاقوں میں امن وامان کی صورت حال کی ذمہ دارخود حکومت ہوگی ۔ کوئٹہ میں تقریبا سبھی شیعہ تنظیموں اوررہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپرشیعہ مسلمانوں پرہورہے دہشت گردانہ حملوں پراپنی مجرمانہ خاموشی ختم کرکے دہشت گردوں کوگرفتار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔ آج کوئٹہ میں ارشدزیدی کی شہادت کے بعد سول اسپتال میں ہونےوالے دہشت گردانہ حملے کےبعد شہرکی صورت حال کشیدہ ہے اورلوگوں نے اس طرح کے واقعات پراپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا۔ 

.....

/110