17 اپریل 2010 - 19:30

صوبۂ کربلا کے گورنر نے کہا کہ کربلائے معلّی میں داخل ہونے والے زائرین اور عزاداران نواسۂ رسول صلی الله علیہ و آلہ و سلم کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اربعین حسینی کے مراسمات اور امام حسین علیہ السلام کی عزاداری میں شرکت کی نیت سے دنیا کے مختلف ممالک سمیت عراق کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے زائرین اور عزاداران حسینی کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ انھوں نے عراق کے تمام صوبوں کے گورنروں سے اپیل کی ہے کہ حرم امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی کربلا منتقلی میں پورا پورا تعاون کریں اور زائرین کی آسائش کے اسباب فراہم کریں۔ قبل ازیں کربلا کے گورنر ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ کربلا میں زائرین کی نقل و حرکت کے لئے 2700 گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے مگر زائرین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی یه تعداد ناکافی ہے اور ان کی نقل و حرکت میں مشکل پیش آرہی ہے۔