6 ستمبر 2016 - 09:12

اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران اور فرانس دہشت گردی اور علاقے کے بحرانوں سے متعلق مشترکہ نگاہ رکھتے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران اور فرانس دہشت گردی اور علاقے کے بحرانوں سے متعلق مشترکہ نگاہ رکھتے ہیں-
 ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو فرانس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کلوڈ بارتلون کے ساتھ  تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ملکوں کے پارلیمانی تعلقات کو خوشگوار ماضی کا حامل قرار دیا اور کہا کہ بارتلون کا دورہ ایران دونوں ملکوں کے پارلیمانی تعلقات میں سنگ میل واقع ہوگا -

لاریجانی نے کہا کہ فرانس کی پارلمینٹ کے اسپیکر کے ساتھ ان کی ملاقات میں اقتصادی تعلقات میں توسیع اور دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بعض رکاوٹوں کو ہٹانے کے بارے میں بات چیت ہوئی اور علاقائی مسائل منجملہ عراق، شام، لبنان اور بعض دیگر ملکوں کے مسائل کے تعلق سے بھی راہ حل پیش کیے گئے-

کلوڈ بارتلون نے بھی کہا کہ ایران اور فرانس کے حکام کے درمیان ملاقات سے، باہمی تعلقات میں فروغ، ویانا معاہدے پر مکمل عملدرآمد ، بینکنگ سے متعلق حائل رکاوٹیں ختم ہونے اور ایران میں فرانسیسی کمپنیوں کی موجودگی میں مدد ملے گی اور آخرکار یہ ملاقاتیں دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات میں توسیع پر منتج ہوں گی-

بارتلون نے کہا کہ فرانس ایران کے ساتھ  پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے-

فرانس کے پارلیمنٹ اسپیکر اپنے اس دورے میں صدر حسن روحانی ، وزیرخارجہ جواد ظریف اور ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲