28 اپریل 2016 - 10:50
ایران اور عراق کی مشترکہ فوجی مشقیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدی فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کی مشترکہ فوجی مشقیں اور گشت عنقریب انجام پائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنرل قاسم رضائی نے بدھ کے روز خرمشہر کے دورے کے موقع پر کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران علاقے کی سیکورٹی کو بہتر بنانے اور ایران اور عراق کے درمیان انیس سو پچھتر کے معاہدے کے تحت خلیج فارس کے شمال میں دریائے اروند کے دہانے پر اور عراق کے ساتھ مشترکہ علاقے میں مشترکہ فوجی مشقیں اور گشت انجام دیا جائے گا۔

جنرل قاسم رضائی نے مزید کہا کہ ماہیگیروں اور تاجروں کی سیکورٹی بہتر بنانے کے لیے تالوگ لائن کے مشرق میں ایرانی کوسٹ گارڈ اور تالوگ لائن کے مغرب میں عراقی کوسٹ گارڈ کو گشت کرنا چاہیے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدی فورس کے کمانڈر نے ایران کی زمینی سرحدوں کی سیکورٹی انتہائی بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے سمندری سرحدوں میں بھی سیکورٹی بہت اچھی ہے یہاں تک کہ تیل کمپنیوں کے لیے تیل کی تلاش کے کام کے لیے حالات سازگار بنائے گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169