اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ علامہ ناصر عباس جعفری تیسری بار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں، انہیں شوریٰ مرکزی نے بھاری اکثریت سے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل کیلئے منتخب کرلیا ہے، شوریٰ عالی کے سربراہ علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے نئے سیکرٹری جنرل کا اعلان کیا، اس سے پہلے گذشتہ روز شوریٰ عالی کے اجلاس میں علامہ ناصر عباس نے درخواست کی تھی کہ ان کا نام ڈراپ کیا جائے اور کسی کو یہ ذمہ داریاں سنبھالنے کا موقع دیا جائے، تاہم ذرائع کے مطابق شوریٰ عالی کے معزز ممبران نے یہ کہتے ہوئے نام شامل کر لیا تھا کہ یہ فیصلہ شوریٰ عالی نے اکثریت رائے اور باہمی مشاورت سے کرنا ہے۔ کنونشن کے آخری روز مرکزی شوری کا اجلاس طلب ہوا، جس میں تمام اضلاع سے دو دو ارکان، صوبائی کابینہ کے ارکان اور سبکدوش ہونے والی مرکزی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔
اجلاس کو شوریٰ عالی کی طرف سے تین نام پیش کئے گئے تھے، جن میں علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی شامل تھے۔ شوریٰ مرکزی سے ان تین ناموں میں سے کسی ایک نام کو سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کرنے کو کہا گیا۔ ممبر شوریٰ عالی علامہ سید حسنین گردیزی کی سربراہی میں تمام انتخابی عمل انتہائی شفاف طریقے سے انجام پایا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا شاندار استقبال کیا گیا اور فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ تمام علماء کرام اور شوریٰ مرکزی کے ارکان نے علامہ ناصر عباس جعفری کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کنونشن کے موقع پر ملک بھر سے 80 سے زائد اضلاع شریک تھے۔ کنونشن میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی ذمہ داران موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲