26 جنوری 2016 - 19:36
تمام آسمانی ادیان امن و سلامتی کی ترویج اور انتہا پسندی سے پرہیز کا درس دیتے ہیں

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور پاپائے روم نے دنیا کے تمام ملکوں اور قوموں سے عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پھرپور اقدامات کی اپیل کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور پاپائے روم نے دنیا کے تمام ملکوں اور قوموں سے عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پھرپور اقدامات کی اپیل کی ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز اپنے دورہ اٹلی کے موقع پر عالمی کیتھولک رہنما پوپ فرانسس سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ چالیس منٹ سے زیادہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پوپ فرانسس نے انسانیت کو مشکلات سے بچانے اور جنگوں کے خاتمے کے لیے دنیا کے تمام ملکوں اور عالمی اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پوپ فرانسس، دونوں نے کہا ہے کہ تمام آسمانی ادیان امن و سلامتی کی ترویج کرتے ہیں اور تشدد نیز انتہا پسندی سے پرہیز کا درس دیتے ہیں۔

پوپ فرانسس نے اس موقع پر صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ ویٹیکن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاپائے روم نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد اور پابندیوں کے خاتمے کا بھی خیر مقدم کیا۔

بعدازاں صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ویٹیکن کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی پاپائے روم سے ملاقات اور گفتگو کے لیے اپنے دورہ اٹلی کے دوسرے روز ویٹیکن پہنچے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲