2 دسمبر 2015 - 18:32
افغانستان، طالبان گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں ملا اختر منصور شدید زخمی

افغان نائب صدر کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کی وساطت سے معلوم ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں کے کمانڈرز اجلاس کے دوران لڑائی ہونے کی وجہ سے طالبان کے امیر شدید زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے چار ساتھی ہلاک ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان افغانستان کے امیر ملا اختر منصور، طالبان گروپوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ افغان صدر افغانستان کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملا اختر منصور مسلح جھڑپ کے دوران شدید زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے چار ساتھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں کے کمانڈرز کے اجلاس میں زبانی تنازع پر لڑائی ہوئی، جس میں ملا اختر منصور شدید زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ اس لڑائی کے دوران 4 طالبان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ملا اختر منصور کو طبی امدا د دینے کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان طالبان نے اجلاس کے دوران کسی قسم کی لڑائی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ملا منصور کو 31 جولائی کو ملا عمر کے انتقال کے بعد نیا امیر تعینات کیا گیا تھا، جس کے بعد طالبان کے کچھ دھڑوں میں ملا اختر کے امیر تعینات ہونے پر تحفظات پائے جاتے تھے اور انہوں نے ملا اختر کی بیت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169