30 نومبر 2015 - 17:48
یمن کے خلاف فوجی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی پر ایران کے نائب وزیر خارجہ کا انتباہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے یمن پر فوجی جارحیت کے سلسلے میں عالمی برادری کی خاموشی کی بابت خبر دار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے یمن پر فوجی جارحیت اور یمن میں دہشت گردی کی نئی لہر کے عمل میں وسعت پر اس کے اثرات کے سلسلے میں عالمی برادری کی خاموشی کی بابت خـبردار کیا ہے۔ حسین امیر عبداللہیان نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر جارحیت جاری رہنے سے شہید ہونے والے بچوں، عورتوں اور غیرفوجیوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے یمن کے مظلوم لوگوں کی مشکلات و تکالیف اور انسانی محاصرہ ختم کرانے کے لئے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا ہے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن کے سلسلے میں عالمی برادری کی خاموشی اور جنگ پسندانہ پالیسی جاری رہنے سے یمن میں دہشت گردی کی نئی لہر کے عمل میں وسعت پیدا ہوئی ہے جو تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں جنگ اور جارحانہ پالیسی کی حمایت کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ یمن میں طاقت کے بل پر کسی کو کامیابی نہیں ملے گی بلکہ حتمی کامیابی مزاحمت کرنے والے یمنی عوام کو حاصل ہوگی۔ حسین امیر عبداللہیان بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر داکٹر علی اکبر ولایتی کے ساتھ پیر کے روز بیروت پہنچے ہیں۔

.......

/169