اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے اس ملک کی کانگریس کے نام ایک مراسلے میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ابھی تہران کے ساتھ واشنگٹن کے تعلقات معمول پر نہیں آئے ہیں، ایران سے متعلق ہنگامی حالت کے قانون کی مدت میں مزید توسیع کردی ہے-
امریکی صدر نے منگل کے روز اس مراسلے میں کانگریس کو لکھا کہ ہنگامی حالتوں کے قومی قانون 202 (D ) کی بنیاد پر ایران سے متعلق قومی ہنگامی حالت کہ جس کا چودہ نومبر سنہ 1979 میں نفاذ عمل میں آیا تھا، چودہ نومبر دو ہزار پندرہ کے بعد بھی اپنی حالت پر باقی ہے- اوباما نے کہا کہ ایسے عالم میں کہ جب ایران اور امریکہ کے تعلقات ابھی معمول پر نہیں آئے ہیں اور انیس جنوری انیس سو اکیاسی کے سمجھوتے پر عمل درآمد کے مراحل بدستور جاری ہیں، میں اس قومی ہنگامی حالت کے جاری رہنے کو ضروری سمجھتا ہوں-
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ نے انیس سو اکیاسی میں ایک سمجھوتے پر جسے الجزائر سمجھوتے کا نام دیا گیا، دستخط کیے تھے جس کے تحت امریکہ اس بات کا پابند ہے کہ وہ ایران کے اثاثے کہ جن میں سرمایہ، فوجی سازوسامان، سفارتی سرمایہ اور ایران کے معزول شاہ کی دولت جو اس نے منجمد کر رکھی ہے ایران کو واپس کر دے گا۔ اس کے باوجود امریکہ نے ابھی تک اپنے اس وعدے پر عمل نہیں کیا ہے۔
.....
/169