22 اگست 2015 - 12:29
پاکستان نے افغانستان کے سلسلے میں دوہری پالیسیاں اپنا رکھی ہیں

افغانستان اور پاکستان کے سیاسی تعلقات میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور مسئلہ تعلقات منقطع کئے جانے کی حد تک آگے بڑھتا جا رہا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب صدر نے کابل کے سلسلے میں اسلام آباد کی دوہرے معیار کی پالیسیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، پاکستان سے تعلقات ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعے کے دن افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم نے کہا ہے کہ گذشتہ چار دہائیوں سے پاکستان نے افغانستان کے سلسلے میں دوہری پالیسیاں اپنا رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے خلاف مزید خاموشی صحیح نہیں۔ عبدالرشید دوستم نے افغان عوام میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کابل نے اسلام آباد کے فیصلوں اور اس کی پالیسیوں کے مقابلے میں ٹھوس موقف اختیار کیا ہے۔ افغان نائب صدر نے اس سے قبل بھی اپنے ملک کے شمالی علاقوں میں بدامنی کا ذمہ دار، پاکستان کو قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ طالبان لیڈر ملاعمر کی موت کی خبروں کی تصدیق کے بعد کابل سمیت افغانستان کے بعض دیگر شہروں میں دہشت گردانہ واقعات میں شدت آگئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ افغان حکومت نے امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو صداقت سے عاری قرار دیا۔

.......

/169