اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں قومی سلامتی اور خارجہ امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں انہوں نے سیاسی، ثقافتی، اقتصادی اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کے بارے میں بات چیت کی ہے- جواد ظریف نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ تعاون پر یقین رکھتا ہے، امید ظاہر کی کہ تمام علاقائی ممالک کے تعاون سے یمن، شام، عراق اور افغانستان نیز علاقے کے دیگر ممالک کے مسائل حل ہو جائیں گے- انہوں نے تجارتی لین دین میں اضافے کے حصول کے لئے ایران اور پاکستان کے سربراہان کی تاکید کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان دو جانبہ تعاون کے وسیع امکانات ہیں اور ایران پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے- ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن، جو اقتصادی لحاظ سے دونوں ملکوں کے لئے اہمیت کی حامل ہے، پاکستان میں اس کی تعمیر جلد از جلد عمل میں آئے گی- سرتاج عزیز نے اس موقع پر ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سرحد پر دہشت گردانہ مسائل موجود ہیں کہ جن کا تعلق اس علاقے مین انسانی اور منشیات کی اسمگلنگ سے بھی ہے- اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی- اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں ایران پاکستان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں خطے کی سلامتی اور افغان مصالحتی امور پر بھی غور کیا گیا نیز ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی ، ہم ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲