10 اگست 2015 - 08:42
عراق؛ حکومتی عہدہ داروں میں اصلاحات کے لیے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت

عراق کے وزیر اعظم کے ترجمان نے حیدر العبادی کے مدنظر اصلاحات کے لئے، قومی سطح پر یکجہتی کی اشد ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم کے ترجمان سعد الحدیثی نے العراقیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم حیدر العبادی نے اتوار کے دن اصلاحاتی منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں کہا ہے کہ جس لمحے پارلیمنٹ، ان کے، ان فیصلوں کی حمایت کا اعلان کرے گی، اصلاحات کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی اکثر شقوں پر عملدرآمد کی مدت، واضح کر دی گئی ہے جو ایک سے چھے ہفتے کے درمیان ہو گی۔ سعد الحدیثی نے کہا کہ عراقی وزیر اعظم نیک نیتی اور سنجیدگی سے ان اصلاحات پر عملدرآمد کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں عوام اور مراجع کرام کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے۔ بدعنوانی کا مقابلہ، مالی پالیسیوں پر نظر ثانی، حکومت کی آمدنی کے ذرائع میں اضافہ، عوام کو فوری سہولیات کی فراہمی اور حکومت کے اعلی عہدے داروں اور عام ملازمین کی تنخواہوں میں فرق میں کمی کرنا، اصلاحات سے متعلق وہ اقدامات ہیں کہ جن پر حکومت عملدرآمد کی خواہاں ہے۔ واضح رہے کہ عراق کے وزیر اعظم نے اتوار کے دن اصلاحاتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا جو گذشتہ اعلی عہدے داروں کی مالی بدعنوانیوں کے کیس، دوبارہ کھولے گی اور ان افراد کی دولت کی چھان بین کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲