31 جولائی 2015 - 17:31
یمنی عوام کے خلاف سرگرم دہشتگرد گروہ القاعدہ کا سعودی فوج سے اتحاد

یمن میں سرگرم القاعدہ کے دہشت گردوں نے یمنی فوج کے ایک قافلے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ حضرموت میں القاعدہ کے دہشت گردوں نے یمنی فوج کے راستے میں ایک بم دھماکہ کیا ہے جس میں چھے یمنی فوجی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں چھتیس دیگر فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ یہ بم، القاعدہ سے وابستہ دہشت گردوں نے سڑک کے کنارے نصب کیا تھا۔ دوسری جانب سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ مآرب کے الاشراف اور صروح اور صوبہ صعدہ کے رازح علاقے کو نشانہ بنایا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بھی جوابی کاروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے الخوبہ فوجی اڈّے پر راکٹ برسائے۔ سعودی ذرائع نے اس حملے کے ممکنہ نقصانات کے بارے کوئی رپورٹ نہیں دی۔ ادھر یمن کے صوبہ ذمار کے قبیلوں نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے اور سعودی عرب کے وحشیانہ اقدامات پر سخت برہمی اور دشمن کے مقابلے میں استقامت سے متعلق اپنے عزم کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے سعودی دشمن کے مقابلے میں عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے فیصلوں کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، امریکی حمایت اور علاقے کے بعض عرب ممالک کی مدد سے چھّبیس مارچ سے یمن کے خلاف وسیع پیمانے پر حملے کر رہا ہے جن میں سب سے زیادہ بنیادی تنصیبات، رفاہی اور تعلیمی مراکز، ہسپتالوں اور رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

.......

/169