24 جولائی 2015 - 10:03
ایران،فرانسیسی صدور کا باہمی تعلقات اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے صدور نے تہران اور فرانس کے سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات میں فروغ کے لئے ایک روڈمیپ تیار کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا- فرانس کے صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دو طرفہ باہمی تعاون کو فروغ دیئے جانے کے امکانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے بہت سے مواقع گنوائے گئے ہیں اور اب ماضی کی تلافی کئے جانے کا وقت آگیا ہے- ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فریقین کی جانب سے اس کی پابندی کئے جانے کو اس معاہدے کی کامیابی کا اصلی عامل قرار دیا- صدرمملکت نے مزید کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کو ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں آئندہ اقدام پر عمل درآمد کی کوشش کرنی چاہئے- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے کی خطرناک صورت حال اور دہشت گرد گروہوں کے تباہ کن کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران شام، عراق اور یمن میں دہشت گردی کا مقابلہ کئے جانے میں فرانس سمیت مختلف یورپی ممالک کے تعاون کا خواہاں ہے- اس موقع پر فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے بھی ایٹمی مذاکرات کی کامیابی میں ایران کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فرانس کے وزیرخارجہ، تہران اور پیرس کے تعلقات میں استحکام کے لئے روڈمیپ تیار کرنے کی غرض سے ایران کا دورہ کرنے والے ہیں- فرانسوا اولاند نے ایٹمی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ ان کا ملک انرژی، تیل، فضائی ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے شعبوں میں اپنا تعاون پہلے سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے- فرانس کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲