15 مئی 2015 - 20:35
فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام: محمود عباس

فلسطینی انتظامیہ کےسربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے یوم نکبت کی مناسبت سے کہا ہے کہ فلسطین کےخلاف صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں اور فلسطین اپنے اتحاد کے ساتھ فلسطینی کاز کے خلاف ہونے والی سازشوں کے مقابلےمیں ڈٹا رہے گا- انھوں نےکہا کہ مشرق سے لے کر مغرب تک پوری دنیا مسئلہ فلسطین کو ایک قومی آزادی کے مسئلے کے طور پر دیکھتی ہے اور ملت فلسطین کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے- فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کی تمام کوششیں اور اقدامات قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور دریائے اردن کے مغربی کنارے اور قدس میں صیہونی کالونیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور یہ علاقے فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہیں- محمود عباس نے کہا کہ سازباز کے مذاکرات کی بحالی کے لیے تین شرطیں ہیں، صیہونی کالونیوں کی تعمیر روکی جائے، فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور دو ہزار سترہ تک قبضے کے خاتمے کے لیے نظام الاوقات معین کیا جائے- محمود عباس کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ماضی میں فلسطینی گروہوں نے سازباز کے مذاکرات کو لاحاصل قراردیتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کا عمل روک دیں -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲