اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، علامہ احمد اقبال رضوی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے وارنٹ گرفتاری پر رد عمل میں کہا کہ حکومت انتقامی سیاست سے گریز کرے علامہ صاحب کے وارنٹ گرفتاری حق اور صداقت کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایک بے باک، نڈر اور اصول پسند رہنما ہیں، جو ہمیشہ مظلوموں کے حق میں اور ظالموں کے خلاف سینہ سپر رہے ہیں۔ ان کی شجاعت اور جرات مندانہ مؤقف کو اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔
ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ کسی بھی جبر، دھمکی یا غیر آئینی ہتھکنڈے سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ مجلس وحدت مسلمین ہر حال میں اپنے اصولی اور عوامی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے اور سیاسی انتقام کی روش کو ترک کردے۔ ہم اس غیر قانونی اور انتقامی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وارنٹ گرفتاری کو فی الفور واپس لیا جائے۔ اگر حکومت نے ظلم و جبر کا راستہ نہ چھوڑا تو ہم اپنی عوامی اور جمہوری مزاحمت کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔