23 فروری 2025 - 10:06
سید حسن نصراللہ نے جس انداز سے فلسطین کا ساتھ دیا اسے بھلایا نہیں جا سکتا، حماس کے ترجمان

فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا کہ حزب اللہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی فلسطینی عوام اور مقاومت کی حمایت کو ہرگز بھلایا نہیں جا سکتا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ "حماس" کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ اور ان کے ساتھیوں نے اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود جان و مال کی قربانی دے کر فلسطین کے ساتھ کھڑے رہنے کا اٹل فیصلہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کے جذبۂ ایثار، کوششوں، اخلاق اور قدس اور مسجدالاقصیٰ کی راہ میں ان کی بڑی قربانیوں کو فلسطینی عوام کبھی بھی نہیں بھلا سکیں گے۔

عبداللطیف القانوع نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ کے دوران سید حسن نصراللہ اور لبنانی مجاہدوں نے ایثار کے حسین ترین جلوے پیش کیے۔

انھوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ نے آخری سانس تک جہاد، مقاومت، فلسطین اور فلسطینی عوام کے حقوق کے ساتھ رہنے کا راستہ منتخب کیا۔

حماس تحریک کے ترجمان نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام حزب اللہ کی جانب سے تمام مالی، اخلاقی، فوجی اور ابلاغیاتی حمایت کو ہرگز نہیں بھلا سکتے۔

حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام علاقے اور پوری دنیا میں اپنے تمام حامیوں اور ساتھیوں کو اطمینان دلاتے ہیں کہ صہیونی ریاست کے سرطانی پھوڑے کے مکمل خاتمے تک جد و جہد جاری رکھی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ جیسے رہبر کو کھو بیٹھنے کا غم انتہائی سنگین ہے لیکن ایک رہبر اور کمانڈر کی شہادت سے امت اسلامیہ میں ہزاروں دیگر رہنما پیدا ہوتے ہیں اور یہ شہادت فلسطین، لبنان اور علاقے میں محور مقاومت (محاذ مزاحمت) کی طاقت کو مزید بڑھائے گی۔

انھوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ  نے معرکۂ طوفان الاقصیٰ میں دنیا کے تمام حریت پسند اہل سنت اور اہل تشیّع حتیٰ کہ غیر مسلموں کی ترجمانی کی اور فلسطینی عوام اور استقامت کی حمایت جاری رکھی اور صہیونی سرطانی پھوڑے کے خلاف میدان جنگ میں اترے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

#إنا_علی_العہد