5 مارچ 2022 - 14:13
سربراہ مجلس وحدت مسلمین کا اتوار کو ملک گیر احتجاج کا اعلان پریس رلیز

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ پشاور کے خلاف اتوار کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ پشاور کے خلاف اتوار کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امامیہ مسجد پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف اپنے اپنے شہروں میں آواز بلند کریں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم مومنین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پشاور میں ہونے والی اس بربریت کے خلاف اپنے اپنے علاقوں میں آواز بلند کریں تاکہ ظالموں کو بےنقاب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیعہ نسل کشی پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔درندہ صفت قاتل بے گناہ انسانی جانوں سے وحشت کا کھیل کھیلنے ایک بار پھر میدان میں نکل آئے ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے ان لوگوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جن کے اجداد نے قیام پاکستان کی جدوجہد کے دوران قربانیاں پیش کیں اور وطن عزیز کے استحکام کے لیے دامے درمے قدمے سخنے ہر طرح سے حصہ لیا۔ بانی پاکستان کے فکری وارثوں کے لیے یہ زمین تنگ کی جا رہی ہے۔ اس ملک میں ان قاتلوں کی پرورش کی گئی جن کا ایجنڈا ملت تشیع کی نسل کشی تھا۔ہمیں بسوں سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر مارا گیا۔ہمارا قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بجائے صاحبانِ اقتدار تماشائی بنے رہے۔ہمارا ہر طرح سے استحصال کیا گیا۔ملک کے حالات خراب کرنے کے لیے ہمارا خون بہا جاتا ہے۔تکفیری قاتلوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ کہ وہ سیاسی عمل کا حصہ بنیں۔تکفیر کی تحریک چلانے والے وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر دندناتے پھرتے ہیں۔اس ملک میں لاقانونیت اور طاقت کی حکمرانی کو رواج دیا جا رہا ہے۔ملک کی سالمیت کی بات کرنے والے محبان وطن سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے۔ملت تشیع کے اس قتل عام پر ملک کے تمام مقتدر حلقے جوابدہ ہیں۔یہ ریاست مدینہ نہیں بلکہ ایک فاشسٹ ریاست ہے۔کسی ڈرٹی گیم کا آغاز ہمارے خون خرابے سے کرنا کہاں کا انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کے قتل کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔اس ظلم کے خلاف شیعہ سنی مل کر میدان میں نکلیں گے اور ان چہروں کو بےنقاب کیا جائے گا جو وطن عزیز کی سالمیت سے گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242