26 جنوری 2021 - 19:15
ریحان اعظمی سرمایہ ملت تھے: راجہ ناصر جعفری

پاکستانی شعراء میں ریحان اعظمی وہ قدآور شخصیت تھے جنہوں نے مدح اہلبیت ع میں سب سے زیادہ لکھا۔ وطن عزیز میں مرثیہ و نوحوں کی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک کے نامور ادیب، مصنف و شاعر ڈاکٹر ریحان اعظمی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے علم و ادب کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا ریحان اعظمی سرمایہ ملت تھے۔ان کے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے۔ پاکستانی شعراء میں ریحان اعظمی وہ قدآور شخصیت تھے جنہوں نے مدح اہلبیت ع میں سب سے زیادہ لکھا۔ وطن عزیز میں مرثیہ و نوحوں کی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے۔ ان کی ساری زندگی مدح اہلبیت اطہار علیہم السلام میں بسر ہوئی۔ان کے تخلیق کردہ نوحوں ، مرثیوں، منقبت اور شاعری کی بین الااقوامی سطح پر پذیرائی ان کے غیر معمولی علمی و ادبی شخصیت ہونے پر دلالت کرتی ہے۔ ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔وہ اپنے منفرد اسلوب کےسبب علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر کی دعا کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲