29 اگست 2020 - 18:11
عزاداری ہماری شہ رگ حیات، رکاوٹیں برداشت نہیں: علامہ عارف واحدی

عزاداری سید الشہداء منانا ہماری عبادت ہے، عبادت کےلئے جو وسائل فراہم کئے جاتے ہیں یا حکومتی سطح پر جو اقدامات کئے جاتے ہیں وہ بھی عبادت کے زمرے میں آتے ہیں مگر اس میں رکاوٹیں کھڑی کرنا عبادت میں خلل کے مترادف ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی سکیرٹری جنرل اورمرکزی محرم الحرام کمیٹی کے سربراہ علامہ عارف حسین واحدی،علامہ فرحت عباس جوادی، مولانا محسن عباس نقوی ، مولانا رضا محمد خان ، مولانا سید رضوان گردیزی ، فرید حسین نقوی ، عنضم نقوی ، سید نیر عباس نقوی ، ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل اسلام آباد نیر عباس بلوچ نے وفد کے ہمراہ مرکزی جلوس میں شرکت کی اورموقع پر موجود الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ،رکاوٹیں برداشت نہیں، ہر شہری کو آئین کے تحت مذہبی آزادی کے حقوق حاصل ہیں مگر منصوبہ بندی کےساتھ عزاداری کے حوالے سے مسائل پیدا کیے جارہے ہیں ۔حکومت اور ریاست کا کام شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، مشکلات پیدا کرنا نہیںاس لئے ریاست ماں کا کردار ادا کرے، پارٹی نہ بنے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہر حریت پسند کا رول ماڈل امام حسین ؑ ہیں ،کربلا والوں کی یاد منانا ،عزاداری بپا کرنا ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج و فریاد ہے، ماضی کی طر ح عزاداری میں رخنہ اندازی قبول نہیں، انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرتے ہیں البتہ انہیں بھی سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہونگے ، انہوں نے کہاکہ عزاداری سید الشہداءکے مقاصد و اہداف وہی ہیں جو کربلا میں شہدائے کربلا کے اہداف تھے، دنیا کا ہرحریت پسند انسان ظلم و ستم کے خلاف اپنی جدوجہد کےلئے امام عالی مقام کو ہی رول ماڈل سمجھتاہے ۔ کربلا والوں کی یاد منانا ، عزاداری بپا کرنا ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج و فریاد ہے یہ کسی مذہب و مسلک کا نہیں عالم انسانیت کا معاملہ، ظالم کی مذمت اور مظلوم کی حمایت کا نام عزاداری سید الشہداءہے۔ جلوس ہائے عزا ہوں، مجالس ہوں یا شہدائے کربلا سے منسوب محافل و کانفرنسز کا انعقاد یہ شہدائے کربلا سے اپنی والہانہ عقیدت ، مودت، محبت کا اظہار ہیں، محر م الحرام کے آتے ہی حکومتی سطح پر بلند و بانگ دعوﺅے کئے جاتے ہیں مگر افسوس اکثر مقامات پر مجالس، جلوسوں میں رکاوٹیں اور عزاداروں کو مختلف قسم کے حیلے بہانوں سے تنگ کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

عزاداری سید الشہداء منانا ہماری عبادت ہے، عبادت کےلئے جو وسائل فراہم کئے جاتے ہیں یا حکومتی سطح پر جو اقدامات کئے جاتے ہیں وہ بھی عبادت کے زمرے میں آتے ہیں مگر اس میں رکاوٹیں کھڑی کرنا عبادت میں خلل کے مترادف ہے جنہیں قبول نہیں کیا جاسکتا، چادر، چار دیواری کے اندر مجالس کا انعقاد اور روایتی جلوس ہائے عزا بپا کرنا ہمارا آئینی حق ہے، بطور مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے سربراہ، شیعہ علماءکونسل کے سیکرٹری جنرل اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ہم یقین دلاتے ہیں کہ جائز معاملات میں ملکی آئین کے مطابق انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور اپنے تمام احباب سے بھی یہی گزارش ہے کہ وہ مکمل تعاون کریں البتہ برسر اقتدار ذمہ داران کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عزاداری میں حائل رکاٹوں کا خاتمہ کریں ، ماضی میں طرح طرح کے طریقوں سے عزاداروں کو پریشان کیا جاتارہا اور اس سلسلے میں اب بھی کئی مقامات(خاص کر پنجاب) سے بلا جواز ایف آئی آر ز درج کرنے کی اطلاعات آرہی ہیںجو قابل مذمت ہے لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے تحفظات کو سنتے ہوئے ذمہ داران سنجیدہ اقدامات اٹھائیں اور بلاجواز ایف آئی آرز واپس لی جائیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲