اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے 73ویں یوم آزادی کے موقع پرقائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کئے بغیر آزادی کے مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکتے، جمہوری اور سیاسی عمل جاری رہنا چاہیے کشمیر،تقسیم برصغیر اور آزادی پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ کشمیر آزاد کروایا جائے ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے کہ ہندوستان نے متنازع علاقے پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا ہے، تقریریں اور دعوے بہت ہوچکے، قوم کی خواہش ہے کہ اب حکومت اپنی عملی ذمہ داریاں ادا کرکے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنائیں، مودی کے یکطرفہ اقدام کے بعد پاکستان مسئلہ کشمیر میں فریق ہونے کے ناطے عملی اقدام کا حق رکھتا ہے اور کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں۔
علامہ ناظر تقوی نے مزید کہا کہ وطن عزیز بے پناہ قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا، مگر آنے والے حکمرانوں نے اس کے قیام کے مقاصد کو بھلا دیا ہندووں کا متعصبانہ رویہ ، قیام پاکستان کا باعث بنا قوم کو دو قومی نظریہ بتانے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل جان سکے کہ برصغیر میں ہندووں نے مسلمانوں کا جینا دو بھر کردیا تھا جو اکثریت کے بل بوتے پر خود کو اعلیٰ نسل سمجھتے اور باقی مذاہب کے پیروکاروں ، خصوصاً مسلمانوں سے نفرت کرتے تھے نفرت کی انتہا یہ تھی کہ ٹرینوں میں پانی بھی ہندو اور مسلمانوں کے لئے علیحدہ تھاقائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانان برصغیر میں آزادی کی ایسی شمع روشن کی کہ 1940ء کی قرارداد پاکستان کے بعد صرف 7 سال کی محنت سے علیحدہ وطن حاصل کرلیا گیا ، جو کہ آج ایٹمی قوت اور عالم اسلام کا فخر ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲