اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے مطابق، ایران میں فلسطین اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے نمائندے ، ڈاکٹر ’خالد قدومی‘ نے، اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل ، آیت اللہ ’رضا رمضانی‘ کے ساتھ تہران اسمبلی کے مرکزی دفتر میں ملاقات اور گفتگو کی۔
آیت اللہ رمضانی نے اس ملاقات کے آغاز میں ، اسلامی جہاد موومنٹ کے سابق سکریٹری جنرل ڈاکٹر ’رمضان عبد اللہ‘ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا: فلسطین کسی خاص جغرافیہ سے مخصوص نہیں ہے ، بلکہ فلسطین کا مسئلہ عالمی مسئلہ ہے اور فلسطینی عوام چاہے مسلمان ہوں یا عیسائی ، اپنے ملک کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مقبوضہ علاقوں میں صہیونیوں کے جرائم ، صدی کے معاہدے کا مذموم منصوبہ اور امریکی سفارتخانے کی قدس منتقلی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے کہا:مسئلہ فلسطین کو عالمی تناظر میں دیکھنا چاہیے، تمام مسلمانوں کو اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے اور صہیونی ریاست کے جرائم پر روک ٹوک لگانا چاہیے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بے دفاع خواتین اور بے گناہ بچوں کا قتل عام کرنے سے دریغ نہیں کرتی، مقبوضہ فلسطین فلسطینیوں کا حق ہے اور انہیں واپس ملنا چاہیے، تاکہ فلسطینی عوام اپنی تقدیر خود معین کر سکیں۔
آخر میں، آیت اللہ رمضانی نے امید ظاہر کی کہ اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی فلسطین اور تحریک مزاحمت کے حوالے سے عوام الناس کو بیدار کرنے میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
خیال رہے کہ ملاقات کے آغاز پر ، ڈاکٹر خالد قدومی نے فلسطینی مزاحمتی تحریک (حماس) کی سرگرمیوں سے متعلق ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سابق سربراہان مسئلہ فلسطین اور عالم اسلام کی خدمت کے حوالے سے کافی موثر کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲