حوزہ علمیہ امام رضا (ع) کشمیر کے بانی حجۃ الاسلام و المسلمین مرحوم مولانا سید مقصود علی رضوی کے ایصال ثواب کے لیے سرزمین قم کے مدرسہ حجتیہ میں ایک مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا

2 جنوری 2017 - 11:20

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن اور حوزہ علمیہ امام رضا (ع) کشمیر کے بانی حجۃ الاسلام و المسلمین مرحوم مولانا سید مقصود علی رضوی کے ایصال ثواب کے لیے سرزمین قم کے مدرسہ حجتیہ میں ایک مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیر کے طلبہ کے علاوہ ہند و پاک کے علماء اور طلاب علوم دینیہ نے بھرپور شرکت کی۔

مجمع اسلامی کشمیر اور حوزہ علمیہ امام رضا (ع) کے طلاب کے توسط سے منعقدہ اس مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید مراد رضا رضوی نے سرزمین کشمیر میں موصوف کی دینی خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موحوم مولانا سید مقصود رضوی نے اپنی دینی اور الہی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے کشمیر میں مکتب اہل بیت (ع) کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی غرض سے دو دینی مدارس قائم کئے جن سے سینکڑوں طلاب اور طالبات نے فیض حاصل کر کے جگہ جگہ علم کی شمعیں جلائی۔

انہوں نے اس آیہ کریمہ الذین یبلغون رسالات ربھم کے ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے مرحوم مغفور کو الہی رسالت کا مبلغ قرار دیا اور کہا کہ معاشرے میں علم کی شمعیں روشن کرنے کے ساتھ ساتھ برائیوں اور خرافات سے مقابلہ کرنا انبیاء اور معصومین کی ذمہ داری ہے جو عصر حاضر میں علماء کے دوش پر ہے جسے مرحوم مغفور نے بنحو احسن انجام دیا۔

واضح رہے کہ مجلس عزا سے قبل مرحوم و مغفور کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی اور نذر و نیاز بھی تقسیم کر کے مرحوم کو اس کا ثواب پہنچایا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے نامور اور قابل قدر عالم دین مولانا سید مقصود علی رضوی کا چند روز قبل ہارٹ اٹیک کی وجہ سے قم کے ایک ہسپتال میں انتقال ہو گیا مرحوم کو قم کے قبرستان گلزار شہداء میں دفن کیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲