جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں سعودی عرب کے مظلوم عالم دین آیت اللہ شیخ نمر کو پھانسی دئےجانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے
اہلبیت نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جونہی یہ خبر پھیلی کہ شیخ باقر انمر کو سعودی حکومت نے پھانسی دے دی ہے تو دنیا بھر کی طرح یہاں بھی غم و غصہ کی ایک لہر پھیل گئی اور سعودی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں اس غم ناک خبر کے فوراً بعد احتجاجی جلوس بر آمد کئے گئے جن میں سعودی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ سرینگر کشمیر کے بالہامہ علاقے میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے سڑکوں پر نکل کر شیخ باقر نمر کو بے دردی سے شہید کئے جانے پرزبردست احتجاج کیا ۔
ادھر جموں شہر میں بھی شیعہ فیڈریشن کی زیر سرپرستی احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں اس شہر کے فعال عالم دین مولانا محمد کوثر جعفری بھی پیش پیش تھے مظاہرین نے آل سعود اور امریکہ اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور سعودی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی۔
ابنا رپورٹرز؛ ساجد رسول؛ منان نقوی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲