کشمیر میں '' اقدار کربلا'' عنوان کے تحت ایک سیمنار منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ سرکردہ علماء و دانشور حضرات نے شرکت کی ۔
اہلبیت نیوز ایجنسی۔ ابنا ۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں '' اقدار کربلا'' عنوان کے تحت ایک سیمنار منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ سرکردہ علماء و دانشور حضرات نے شرکت کی ۔ یہ سیمنار کشمیر یونیورسٹی کے ابن خلدون آرڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس کا اہتمام ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، کشمیر یونیورسٹی نے کیا تھا۔'' اقدار کربلا '' عنوان تلے اس سیمنار میں علماء تشیع و علماء تسنن کے علاوہ مختلف دانشوروں نے فلسفہ شہادت امام حسین(ع) پر روشنی ڈالی۔ سیمنار میں سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ یونیورسٹی سے وابستہ اساتیذ و دیگر عملے نے بھی شرکت کی۔ سیمنار سے جن سرکردہ علماء نے خطاب کیا ان میں تحریک مکاتب امامیہ کے بانی مولانا غلام علی گلزار صاحب، مولانا منظور احمد ملک صاحب اور جناب پیر سمیر صدیقی صاحب قابل ذکر ہیں ان کے علاوہ یونیورسٹی سے وابستہ متعدد دانشوروں نے بھی شہداء کربلا کے تئیں اپنا نظرانہ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے اس دوران امت مسلمہ کے موجودہ مسائل پر گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ امت اسلامیہ میں اس وقت جو درپیش مسائل ہیں ان تمام مسائل کا حل اتحاد اسلامی میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس دوران عالمی سطح پر ابھرتی دہشتگردی من جملہ داعش و دیگر ایسی تنظیموں کی طرف سے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔سیمنار میں موجود شرکاء نے یونیورسٹی میں اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کو کافی سراہنا اور آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ابنا رپورٹر؛ ساجد رسول // سرینگر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔