29 ستمبر 2016 - 13:00
ایران، ہندوستان اور افغانستان کا چابہار ٹرانزٹ معاہدے پر جلد از جلد عمل درآمد پر زور

ایران، ہندوستان اور افغانستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ نے دہلی میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں چابہار ٹرانزٹ معاہدے پرعمل درآمد کو تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ عباس آخوندی نے اس اجلاس میں چابہار ٹرانزٹ معاہدے پر عمل درآمد میں تیزی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران تیزی کے ساتھ ملک کے شمال اور جنوب نیز مشرق اور مغرب کے رابطہ ریل نیٹ ورک کو مکمل کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شمال جنوب کوریڈور کی تکمیل سے ہندوستان اور افغانستان آسانی کے ساتھ اپنی مصنوعات ایران کے راستے روس اور یورپ منتقل کر سکتے ہیں۔

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ، پورٹس اور شپنگ کے وزیر نتن گڈکری نے بھی سہ فریقی چابہار ٹرانزٹ معاہدے کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو شمال جنوب کوریڈور کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ اس معاہدے پر تیزی سے عمل درآمد کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ وسطی ایشیا، روس اور یورپ تک پہنچنے کے لیے ہندوستان کا دروازہ ہے۔

افغانستان کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اللہ بتاش نے بھی اس اجلاس میں کہا کہ اس معاہدے پر عمل درآمد افغانستان کو تعطل سے نکال سکتا ہے اور علاقے کے ممالک کی اقتصادی ترقی کا باعث بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چابہار سے افغانستان تک ریل کے رابطے سے ایران، افغانستان اور ہندوستان کے درمیان مصنوعات اور اشیا کے لین دین کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔

.......

/169