26 اپریل 2015 - 05:04
عراق: زیادہ تر دہشتگردوں کی اکثریت غیرملکی

عراق میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں مشغول زیادہ تر افراد کا تعلق دوسرے ممالک سے ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے سنیچر کو مجلس اعلائے عراق کے سابق سربراہ سید محمد باقر حکیم کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں کہا کہ داعش دہشتگرد گروہ کے اکثر افراد غیر ملکی ہیں اور دوسرے ممالک سے عراق آئے ہیں- حیدر العبادی نے کہا کہ بہت جلد تمام دہشتگردوں کو عراق سے باہر نکال دیا جائے گا -عراقی وزیر اعظم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراق میں کوئی بھی اہلسنت داعش دہشتگرد گروہ کی حمایت نہیں کرتا- انہوں نے کہا کہ عراق میں کوئی بھی ملیشیاء نہیں ہے اور ہتھیار صرف حکومت کے پاس ہے- عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس کو ملیشیاء کہنا قابل قبول نہیں ہے اور یہ فورسز، قانونی طریقے سے حکومت کے دائرہ کار میں کام کرتی ہیں- عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ افواہوں کی بنیاد پر مغربی الانبار کے لوگوں کی در بدری کا کوئی جواز نہیں ہے کہا کہ افواہوں کی جنگ، محاذ جنگ پر حقیقی جنگ سے بدتر ہے- حیدر العبادی نے ان صوبوں کے باشندوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے صوبہ الانبار کے جلا وطنوں کو پناہ دی ہے عراقی وزیر اعظم نے صوبہ الانبار کے عوام کے صبر و تحمل کو بھی سراہا-

.......

/169