اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نیپال میں آنے والے 7.9 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1500 ہو گئی ہے جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی 45 افراد کے زلزلے سے ہلاک ہونے خبر موصول ہے۔ زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی کئی مقامات پر محسوس کیے گئے۔
نیپال میں ایک منٹ تک 7.9 شدت کے زلزلے نے سب کچھ الٹ دیا، درالحکومت کھٹمنڈو میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ صبح 11 بج کر 56 منٹ پر آیا، جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 11 کلومیٹرتھی۔
زلزلے کے جھٹکے ہندوستان کے مختلف شہروں نئی دہلی، لکھنو، کلکتہ، پٹنہ، اتر پردیش، آسام، اڑیسہ اور جے پور میں بھی محسوس کیے گئے۔
خیال رہے کہ نیپال میں 1934 میں زلزلے سے 10ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے نیپال اور ہندوستان میں زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن امداد کی پیشکش کی ہے جبکہ ہلال احمر نے زلزلہ دہ لوگوں تک امداد رسانی کے انتظامات شروع کر دئے ہیں۔
...........
242