اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ گيارہ فروری وہ دن ہے جب ملت ایران نے استبداد اور سامراج کی بساط ہمیشہ کےلئے لپیٹ دی اور ملک میں دینی جمہوریت کی بنیاد پر ایک قومی اور اسلامی حکومت قائم کی-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مبارک بادپیش کرتے ہوئےبائیس بہمن مطابق گيارہ فروری کو داخلی اور بین الاقوامی میدان میں ملت ایران کی کامیابی کا عظیم ترین دن قرار دیا اور کہا کہ بائیس بہمن قومی جشن اور ملت ایران کا دن ہے- صدر مملکت نے کہاکہ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں شرکت کا مطلب اسلامی انقلاب اورامام خمینی (رح) کے راستے کو جاری رکھنا ہے –
بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے عشرہ فجر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عظیم عوام اس سال گزشتہ برسوں سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ ریلیوں میں شرکت کر کے دشمنوں کو مایوس کر دیں گے کیونکہ انقلاب ہر سال سے زیادہ پررنگ اور ہمیشہ سے زیادہ تاثیرگذار ہو گيا ہے-
ایک اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی نے بھی کہا ہے کہ گيارہ فروری کی ریلیاں اسلام کی قدرت و طاقت کے مظاہرے اور عالمی سامراج سے نفرت کے اظہار کا میدان ہیں- انہوں نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کو گيارہ فروری کی ریلیوں میں شرکت کرکے ایک اورتاریخ رقم کرنی چاہئے – جید علما کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے نائب سربراہ سید محمود ہاشمی شاہرودی نے بھی گيارہ فروری کی ریلیوں میں شرکت کو عالمی سامراج کی دشمنیوں کا بھرپور جواب قرار دیا-
ایران کے آئین کی نگراں کونسل شورای نگہبان نے ایک بیان میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ملت ایران کو دعوت دی ہے کہ وہ گیارہ فروری کی ریلیوں میں شرکت کر کے رہبر انقلاب اسلامی سے تجدید بیعت کرنے کے ساتھ ساتھ امام خمینی (رح) اور اسلامی انقلاب کے شہداء کی امنگوں کے ساتھ دوبارہ عہد و پیمان کریں-
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے نمائندوں نے بھی ایرانی عوام کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گيارہ فروری دھمکیوں اور پابندیوں کے سامنے ملت ایران کی استقامت اور مضبوط ارادے کا مظہر ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام علی سعیدی نے بھی کہا کہ گیارہ فروری اس سال یقینا سیاسی میدان میں ایرانی عوام کی موجودگی اور ان کی استقامت کی عکاس ہوگی-
ایران کی وزارت ثقافت و ارشاد اسلامی نے کہا ہے کہ 22 بہمن مطابق 11 فروری کی ریلیوں کے بارے میں رپورٹنگ کیلئے گذشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی نامہ نگاروں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہے- اس وزارت کے ایک اعلی عہدیدار محمد منصور کوشش نے کہا کہ 57 ذرائع ابلاغ سے متعلق ایران میں مقیم 128 نمائندوں اور نامہ نگاروں کے علاوہ، 37 علاقائی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے وابستہ 87 غیر ملکی نمائندے اور نامہ نگار، 22 بہمن مطابق 11 فروری یعنی یوم اللہ کے موقع پر ایران بھر میں نکالی جانے والی ریلیوں کی رپورٹنگ کیلئے موجود رہیں گے- انھوں نے کہا کہ مختلف غیر ملکی نیوز ایجنسیوں سے وابستہ نمائندے اور نامہ نگار ایران کے ریڈیو ٹیلیویژن سے نشر ہونے والی خبروں سے استفادہ کریں گے- انھوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، فرانس، اسپین، آسٹریلیاء، اٹلی،کینیڈا، ہنگری،لگزمبرک، سوئیڈن، چین، جاپان، نیز جمہوریہ آذربائیجان، افغانستان، متحدہ عرب امارات، ترکی،شام، عراق، فلسطین، قطر، کویت، لبنان، مصر اور تیونس، ایسے ممالک ہیں کہ جن کے ذرائع ابلاغ، بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری یعنی یوم اللہ کے موقع پر ملک بھر میں نکالی جانے والی جشن انقلاب کی عظیم الشان ریلیوں سے متعلق رپورٹنگ کے علاوہ دارالحکومت تہران سے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا خطاب براہ راست نشر کریں گے-
.......
/169