2 فروری 2015 - 17:22
امریکہ اور برطانیہ کے سفارتکاروں کا یمن سے انخلاء

امریکہ اور برطانیہ نے سیکورٹی کوبہانہ بناکر یمن سے اپنے سفارتکاروں اورشہریوں کو باہرنکالنا شروع کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ الیوم السابع نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کہ جس نے یمن پر تسلط جمانے اورعلاقے میں اپنی فوجی موجودگی کومستحکم کرنے کے مقصد سے اس ملک میں بدامنی پھیلانے میں اہم کردار کیا ہے اس وقت سیکورٹی کے بہانے اپنے سفارتکاروں اورشہریوں کووہاں سے باہرنکال رہاہے- باخبر ذرائع کے مطابق اتوار کویمن کے دارالحکومت صنعاء کے ہوائي اڈے پر کچھ طیارے اترے اور انہوں نےامریکی اوربرطانوی شہریوں کوجنوبی یمن کی عدن بندرگاہ منتقل کردیا  تاکہ یہ افراد بحری جہازوں کے ذریعے یمن سے نکل جائیں- چند روز قبل بھی امریکی وزارت خارجہ نے یمنی صدر کے مستعفی ہونے کے بعد یمن میں سیاسی اورسیکورٹی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دارالحکومت صنعاء میں اپنا سفارتخانہ غیرمعینہ مدت تک کے لئے بند کردینے کا اعلان کیا تھا-یمن میں جاری بد امنی اور بحران پر امریکا کی طرف سے  تشویش کا اظہار ایک ایسے وقت کیا جارہا ہے جب امریکی فوج  القاعدہ سے وابستہ مسلح گروہوں کو کچلنے کے بہانے یمنی عوام کے خلاف ڈرون طیاروں کا استعمال کررہی ہے اور یہ حملے جنوبی یمن میں بدستور جاری ہیں- قابل ذکر ہے کہ یمن کی پارلمینٹ  نے القاعدہ سے وابستہ افراد پر حملے کے لئے اپنے ملک کی فضا میں امریکی ڈرون طیاروں کی پرواز پر پابندی کا بل منظور کررکھا ہے تاہم ابھی تک اس بل پر عمل درآمد نہيں ہوسکا ہے- اس درمیان یمنی حکام نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں دس افراد کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے۔ صنعاء سے روئٹرز  کےمطابق یمنی حکام کا کہنا ہے کہ حوثیوں اوریمنی فوج کے خلاف القاعدہ سے وابستہ عناصرکے حملوں میں کم از کم دس افراد مارے گئےہیں۔ یمن کے سرکاری حکام نے کہا ہے کہ القاعدہ سے وابستہ انصار الشریعہ گروہ کے افراد نے ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے یمنی فوج کے دو اہلکاروں کو ہلاک اور دو دیگر کو زخمی کردیا-انصارالشریعہ گروہ نے اسی طرح ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ جنوبی صوبے "لھج"  میں ایک یمنی فوجی افسر اور صوبۂ البیضاء میں حوثی گروہ کے تین افراد کو ہلاک کردیا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق انصار الشریعہ اور حوثیوں کے درمیان "اب" شہر میں بھی ہونے والی جھڑپ میں حوثی گروہ کے ایک کمانڈر ابوعبداللہ العیادی جاں بحق ہوگئے - یمن کے مقامی حکام نے مذکورہ حوثی کمانڈر کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے-  اس لڑائی میں انصار الشریعہ کے بھی تین دہشت گردہلاک ہوئے ہيں- یمن میں گذشتہ دس روز سے زیادہ عرصے سے صدر کا عہدہ خالی پڑا ہے اور حکومتی نظام نہیں ہے جبکہ اس ملک کو متعدد مشکلات اور خاص طور پر ملک کے امن و استحکام کو القاعدہ کے خطرات کا سامنا ہے- 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲